بنگلورو:4/اپریل(ایس او نیوز) چامراج نگر کے گنڈل پیٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے انتخابی مہم کافی زوروں سے جاری ہے، وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے آج گنڈل پیٹ تعلقہ کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا، اور وہاں ووٹروں سے ملاقات کرکے کانگریس امیدوار گیتا مہادیو پرساد کو کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔اس موقع پر انتخابی جلسوں سے مخاطب ہوکر جناب روشن بیگ نے ریاستی حکومت کی طرف سے ریاست کو ترقی پرور بنانے اور مختلف شعبوں میں کرناٹک کو ملک کی تمام ریاستوں کے مقابل سرفہرست لانے کی کوششوں کاتذکرہ کیا اور کہاکہ وزیرا علیٰ سدرامیا کی قیادت والی حکومت ریاست کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف اور انہیں ایک ساتھ ترقی کے مواقع مہیا کرانے کی طرف کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کسان طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے جہاں وزیراعلیٰ سدرامیا نے راست طور پر کئی قدم اٹھائے ہیں وہیں سماج کے دیگر طبقات بشمول اقلیتوں، دلتوں، پسماندہ طبقات، غریبوں اور ضرورتمندوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہمہ قسم کی اسکیمیں وضع کی ہیں۔ ملک میں پہلی بار غریب طبقات کو بھوک سے آزادی دلانے کیلئے ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے بی پی ایل کارڈ ہولڈروں کو انا بھاگیہ اسکیم کے تحت سات کلو چاول ماہانہ مفت فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت نے جو فلاحی اقدامات جاری رکھے ہیں ان کی بدولت کانگریس کو یقین ہے کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں اسے بھرپور کامیابی ملے گی، انہوں نے ووٹروں سے گذارش کی کہ موقع پرست اور فرقہ پرست بی جے پی کی باتوں میں نہ آئیں، گنڈل پیٹ حلقے کی ترقی کیلئے پچھلی چار میعادوں سے آنجہانی وزیر ایچ ایس مہادیو پرساد کی طرف سے جو جدوجہد کی گئی ہے اس کو آگے بڑھانے کیلئے ان انتخابات میں ان کی بیوہ ڈاکٹر گیتا مہادیو پرساد کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا ریاست کے واحد وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے توہم پرستی پر یقین نہ کرتے ہوئے متعدد بار نہ صرف خود چامراج نگر کا دورہ کیا،بلکہ اپنی کابینہ کے ہونہار وزراء کو اس حلقہ کی ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ مامور کیا ہے۔ اس سے پہلے کوئی بھی وزیر اعلیٰ چامراج نگر کا اس لئے دورہ نہیں کرتا کہ انہیں خوف تھاکہ ان کا اقتدار چھن جائے گا، لیکن سدرامیا نے اس روایت کو توڑ دیا ہے، اس موقع پر جناب روشن بیگ کے ہمراہ کارپوریٹرس عبدالواجد، سمپت راج اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے، جنہوں نے گھر گھر جاکر کانگریس امیدوار کیلئے انتخابی مہم چلائی۔